برطانیہ کے سب سے بڑے بینک نے دھوکے بازوں کے کروڑوں ڈالر دنیا بھر میں منتقل کیے، امریکی تحقیقاتی ادارہ

Published On 21 September,2020 10:20 am

نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی تحقیقاتی ادارے کی لیک ہونے والی دستاویزات سے پتہ چلا ہے کہ برطانیہ کے سب سے بڑے بینک کے ذریعے دھوکے بازوں کے کروڑوں ڈالر دنیا بھر میں منتقل کیے گئے۔

مالیاتی جرائم کی تحقیقات کرنے والے امریکی ادارے فن سین سے لیک ہونے والی دستاویزات سے علم ہوا ہے کہ برطانیہ کے سب سے بڑے بینک نے دھوکے بازوں کی دھوکہ دہی کا علم ہونے کے باوجود انھیں کروڑوں ڈالر دنیا بھر میں منتقل کرنے کی اجازت دی۔

آٹھ کروڑ ڈالر کے فراڈ میں اس بینک کا کردار سامنے آیا ہے۔ بینک نے امریکی کاروبار کے ذریعے یہ رقم 2013،14 میں ہانگ کانگ میں اپنے ہی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی۔

یہ لیک رپورٹ بینکوں کی اندرونی دستاویزات پر مبنی ہے، بینک کا کہنا ہے کہ اس نے ہمیشہ ایسی سرگرمیوں کی رپورٹ کرنے میں اپنی قانونی ذمہ داری پوری کی ہے۔ دستاویزات میں دنیا کے کئی بڑے بڑے بینکوں کو جرائم پیشہ افراد کی دولت مغربی ممالک میں منتقل کرنے میں ملوث قرار دیا گیا۔