بیجنگ: (دنیا نیوز) چین کے صدر شی جن پنگ نے سیلاب سے متاثرہ صوبے کا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا اور متاثرین کی جلد بحالی کی ہدایات دیں۔
چینی صدر شی جن پنگ نے دریاؤں کی صورتحال، کناروں کے مجموعی انتظامات، حیاتیاتی تحفظ اور بحالی سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔اس موقع پر انہوں نے امدادی کارکنوں اور فوجی جوانوں کا حوصلہ بڑھایا۔ صدر نے انوویٹو سنٹر کے دورہ کے دوران پیداواری بحالی اور آپریشن کی صورتحال بھی دریافت کی۔
صدر شی جن پنگ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم ہزار سال سے سیلاب جیسی آفات کا سامنا کرتے رہے ہیں، اس مرتبہ بھی ہمت نہیں ہاریں گے۔ قدرتی آفات کے ساتھ نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ قدرت کا احترام کریں اور قدرتی قوانین کو سمجھتے ہوئے زندگی جینا سیکھیں، جدید طریقے اختیار کر کے سیلاب جیسی آفات سے بچا جا سکتا ہے۔ صدر شی جن پنگ نے متاثرہ علاقے میں دوبارہ کاشتکاری شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ رواں موسم گرما کے دوران شدید بارشوں کے سبب چین کے اکثر علاقے سیلاب کی لپیٹ میں آ گئے تھے، دریاوں میں طغیانی دیہاتی علاقوں کو ڈبونے کا سبب بنی جس کے سبب وسیع علاقے پر کھڑی فصلیں تباہ اور ہزاروں علاقہ مکین گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔