چہل قدمی کرنیوالے پر اچانک بلی آ گری، شہری بے ہوش، ویڈیو وائرل

Published On 18 August,2020 06:04 pm

بیجنگ : (ویب ڈیسک) سڑک پر کتے کے ساتھ چہل قدمی کرنے والے شخص کے سر پر اچانک بلی آگری جس پر وہ خوف کے عالم میں اسی وقت بے ہوش ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ہاربن میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا یے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگ اپنے اپنے انداز میں اس پر اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص جس کا نام گاؤ فنگوا ہے اپنے کتے کے ساتھ چہل قدمی کرنے کیلئے گھر سے نکلتا ہے تو اس دوران اس کے پڑوس والے گھر کی بالکونی سے ایک سیاہ اور سفید رنگ کی بلی اس کے سر پر گرتی ہے۔،

گاؤ فنگوا اس غیر متوقع حالات کیلئے بالکل تیار نہ تھا اور اس کا ذہن بھی اس حالت میں کام نہیں کررہا تھا جب اس نے اس دردناک چوٹ کو محسوس کیا اور دیکھا کہ ایک بلی اس کے سر پر آن گری ہے تو وہ خوفزدہ ہوکر بے ہوش ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص کو23 روز تک ہسپتال میں رہنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے اور اس کا علاج فزیو تھراپی کے ذریعے باقاعدگی سے جاری ہے۔

اس واقعے کے بعد بلی کو قریب کی عمارت میں بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اپنے مالک پر حملہ کرنے پر کتا اس بلی کا پیچھا کرتا ہے، بلی گاؤ فنگوا کے پڑوسی کی ہے اس پڑوسی کی شناخت یو کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب اطلاعات یہ ہیں کہ گاؤ فنگوا کے اہل خانہ اور بلی کا مالک زخمی شخص کے علاج معالجے یا حادثے کے معاوضے کی ادائیگی سے متعلق رابطے میں ہیں۔