بیجنگ: (دنیا نیوز) ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی کی حیثیت میں تبدیلی کا بھارتی اقدام غیر قانونی ہے، چین بھی کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کا حامی ہے، فریقین اپنے اختلافات کو بات چیت سے حل کر سکتے ہیں۔
چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اقدام پر کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہمارا موقف واضح اور مستقل ہے، مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک تنازع ہے، یہ حقیقت سلامتی کونسل کی قراردادوں اور پاک بھارت باہمی معاہدوں سے ثابت شدہ ہے۔
دوسری جانب او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر کے محاصرے کو ایک سال مکمل ہونے پر مذمتی بیان جاری کیا ہے۔ اسلامی ممالک کی تنظیم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے، اقوام متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیق کرے۔ او آئی سی نے بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے سے باز رہنے کا بھی کہا۔