واشنگٹن: (دنیا نیوز) پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں، مرنے والوں کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 407 ہوگئی، 36 لاکھ 46 ہزار 104 افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔
دنیا کے 9 ممالک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی۔ برطانیہ میں 28 ہزار 734 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار سے زائد ہے۔
بھارت میں 24 گھنٹوں میں 3900 نئے مریض سامنے آگئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 46 ہزار 433 ہوگئی، بھارت میں کورونا سے 1568 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ترکی میں 3 ہزار 461 افراد ہلاک جبکہ ایک لاکھ 27 ہزار 659 متاثر ہیں۔ صدر طیب اردوان کا کہنا ہے کہ مئی کے وسط سے ترکی میں شاپنگ سینٹرز، ہئیر سیلون اور چند دیگر دکانوں کو کام کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔
دنیا کے کئی ممالک کورونا کی ویکسین کی تیاری میں مصروف ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے مزید ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین کے لیے تحقیق اور اس کی تقسیم کے لیے امداد دیں۔