جان لیوا کرونا کے وار جاری، دنیا بھر میں چوبیس گھنٹوں میں 632 افراد کی اموات

Last Updated On 15 March,2020 11:49 pm

تہران: (دنیا نیوز) جان لیوا کرونا وائرس کے پچھلے چوبیس گھنٹوں میں 10 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 632 افراد کی دنیا بھر میں اموات ہوئیں۔

اٹلی میں سب سے زیادہ 368 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ ایران میں 113، سپین میں 96، برطانیہ میں 14 امریکا میں 5 مریض جان کی بازی ہار گئے۔ چین سے اٹھنے والا وائرس دنیا کے پچھتر فیصد ممالک تک پھیل چکا ہے۔

تفصیل کے مطابق جان لیوا کرونا وائرس 155 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں وائرس سے 632 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دنیا بھر میں 10 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔

اٹلی میں 24 گھنٹوں میں 368افراد وائرس سے ہلاک ہونے سے تعداد 1 ہزار 809 ہو گئی۔ ملک بھر میں 3 ہزار 590 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اٹلی میں مریضوں کی تعداد 24 ہزار 747 تک پہنچ گئی۔

ایران میں کرونا وائرس سے مزید 113 افراد جاں بحق جبکہ متاثرین کی تعداد 13 ہزار 938 ہوگئی۔ سپین میں مزید 96 افراد وائرس سے ہلاک، چین میں دس، برطانیہ میں 14، نیدرلینڈ میں 8، امریکا میں 5، جنوبی کوریا اور فلپائن میں 3،3، جرمنی، جاپان، آسٹریلیا میں 2،2، نئی اموات رپورٹ ہوئیں۔ امریکا میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار 10، قطر میں 401، بحرین میں 35، انڈیا میں 109، افغانستان میں 16 تک پہنچ گئی۔

ملائیشیا میں ہزاروں افراد پر مشتمل مذہبی اجتماع میں شریک 190 افراد کو کرونا وائرس ہوگیا۔ فلسطین میں کرونا کے باعث قبلہ اول بیت المقدس کو بند کر دیا گیا۔

مراکش نے غیر معینہ مدت کے لئے تمام غیر ملکی فلائٹس معطل کر دیں۔ برطانیہ نے آئندہ ہفتوں میں 70 سال سے بڑی عمر کے افراد کو 4 ماہ تک قرنطینہ میں رکھنے کا منصوبہ تیار کر لیا۔ فرانس نے بتدریج ٹرینوں، بسوں اور ہوائی جہازوں پر سفر کرنے پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔

چین نے بیجنگ آنے والے تمام غیر ملکی مسافروں کو لازمی قرنطینہ میں رکھنے کافیصلہ کر لیا ہے۔ جو بھی غیر ملکی مسافر چین آئے گا اسے حکومت کے بنائے قرنطینہ میں کچھ وقت گزارنا ہوگا۔