طالبان کا افغان سیکورٹی فورسز پر حملے جاری رکھنے کا اعلان

Last Updated On 02 March,2020 07:43 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان نے افغان سیکورٹی فورسز پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق افغان طالبان اور امریکا کے درمیان تشدد میں کمی کا ضمنی معاہدہ آج ختم ہو گیا ہے جس کے بعد افغان طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہماری کارروائیاں افغان فورسز کے خلاف معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ معاہدے کے مطابق طالبان جنگجو غیرملکی اجواج پر حملہ نہیں کریں گے۔

دوسری طرف افغانستان کے صوبے خوست میں دھماکا ہوا، یہ دھماکا افغانستان میں فٹبال میچ کے دوران ہوا، دھماکے سے تین افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گیارہ زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بارود سے لدی موٹر سائیکل میں نصب بم خوست کے ضلع نادر شاہ کوٹ میں دوپہر کے وقت فٹبال سٹیڈیم کے قریب پھٹا، جس کے بعد تین افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکتا کہ اس واقعے کے پیچھے کون ہے کیونکہ واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔