ادلب: (دنیا نیوز) شام ایک بار پھر جنگ کے دہانے پہنچ گیا، ادلب میں شامی فضائیہ کے حملے میں 33 ترک فوجی ہلاک ہو گئے، ترک فورسز نے جوابی کارروائیوں میں شامی فورسز کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے، امریکا اور نیٹو چیف نے ترکی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے روس اورشامی حکومت کو حملوں پر وارننگ دیدی۔
شام میں پھر جنگ کے سائے گہرے ہونے لگے، ادلب میں شامی فضائیہ کا حملہ، کئی ترک فوجی ہلاک ہو گئے، ترک افواج نے بھی شامی افواج کے ٹھکانوں پر جوابی گولہ باری کی۔
شامی فورسز نے ترک میزائل مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے، امریکا اور نیٹو چیف نے ترکی کی حمایت کا اعلان کیا، روس اورشامی حکومت کو حملوں پر وارننگ بھی دیدی۔
ترک صدر کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں وزرا اور عسکری حکام نے شرکت کی جس میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے شام میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔