ادلب: 5 ترک فوجی جاں بحق، جوابی کارروائی میں 105 شامی فوجی مارے گئے

Last Updated On 10 February,2020 11:00 pm

ادلب : (دنیا نیوز) شام کے صوبہ ادلب میں اسد فورسز کی شیلنگ کے باعث پانچ ترک فوجی جاں بحق ہو گئے جبکہ 5 شدید زخمی ہو گئے ہیں جبکہ ترک فوج کی طرف سے جوابی کارروائی کے دوران 105 شامی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ ادلب میں شام اور ترکی میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، اس کشیدگی کے اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ایک ہفتے کے دوران شام کی سرکاری فوج کی طرف سے حملوں کے دوران ترکی کے 14 فوجی جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ ان حملوں کے دوران متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ تین فروری کو شام کے صوبے ادلب میں ایک کارروائی کے دوران شام کی سرکاری فوج نے شیلنگ کرتے ہوئے 9 فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کی سرکاری فوج نے کارروائی کر کے 9 فوجیوں کو ہلاک کیا تھا جس کے بعد ترک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 13 شامی فوجی مارے تھے۔

ترکی کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ شامی فوج نے ستمبر 2018ء میں ہونے والے سیز فائر معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کی اور ترک فوجیوں کو نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ ترکی کی سرحد پر موجود شامی صوبہ ادلب بشارالاسد حکومت کے مخالف شامی عسکریت پسند اپوزیشن اتحاد کا آخری مضبوط گڑھ ہے ا ور شامی فوج روس کے ساتھ مل کر ادلب پر 8 سالہ قبضہ ختم کرنے کے لیے بھر پور کوششیں کررہی ہے۔شامی اپوزیشن کو ترکی کی حمایت حاصل ہے جبکہ علاقے میں ترکی کی افواج بھی موجود ہیں۔

گزشتہ چند ماہ کے دوران ترکی، شام کے اہم اتحادی روس کے ساتھ اس علاقے میں جنگ بندی کے حوالے سے متعدد معاہدے بھی کرچکا ہے۔

ادلب میں30 لاکھ سے زائد افراد بھی پناہ لیے ہوئے ہیں جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے، یہ تمام افراد اقوام متحدہ کے کیمپوں میں مقیم ہیں۔

اقوام متحدہ علاقے میں تشدد اور سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پناہ گزینوں کی مشکلات بڑھنے کے خدشے کا اظہار کرچکی ہے۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترک فوج کی جانب سے شام کے شمال مغربی صوبوں ادلب اور لتاکیہ کے دیہی علاقوں میں شام کی سرکاری فوج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا۔ شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق (سیرئین آبزرویٹری گروپ) کے مطابق ترک فوج کی گولہ باری کے باعث 13 شامی فوجی ہلاک اور 20 زخمی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آج بھی شام کے صوبہ ادلب میں شام کی فوج نے ترکی کے پانچ فوجی ہلاک کر دیئے ہیں جبکہ اس کارروائی میں پانچ فوجیوں زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترک فوجیوں پر شامی فورسز کی طرف سے شیلنگ کی گئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فورسز نے ترکی کی ادلیب میں آبزرویشن پوسٹ پر حملہ کیا، ترک افواج نے شامی فورسز کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد شامی فوجی ہلاک کر دیئے ہیں۔

ترک وزارت دفاع کے مطابق شام کے ایک سو ایک فوجیوں کو ہلاک کر دیئے ہیں، شام کے تین ٹینک اور دو توپیں بھی تباہ ہو گئی ہیں، کارروائی میں شام کے ہیلی کاپٹر کو بھی نقصان پہنچا۔

خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق یہ واقعہ ایسے وقت ہوا جب روسی وفد صوبہ ادلب کے معاملے پر بات چیت کے لیے انقرہ میں موجود ہے، قوی امکان ہے کہ آج کسی بھی وقت یہ مذاکرات ہوں گے جس میں شام میں جاری لڑائی پر خصوصی طور پر بات چیت کی جائے گی۔