اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں ابھی تک کرونا وائرس کا کوئی کیس نہیں ہے، ایئر پورٹ پر سکریننگ کے نظام کی خود نگرانی کرتا رہوں گا۔
معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت اسلام آباد میں کرونا وائرس ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری صحت، این آئی ایچ ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام شریک ہوئے۔ اجلاس میں کرونا وائرس سے پیدا صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا تمام ایئر پورٹس پر تربیت یافتہ ہیلتھ سٹاف کا اضافہ کر دیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، وزارت صحت میں قایم ایمرجینسی آپریشن سیل صورتحال مانیٹر کر رہا ہے، ہسپتالوں میں ممکنہ کیسز کے پیش نظر علیحدہ وارڈز مختص ہیں۔