ٹرمپ کا مواخذہ، ڈیموکریٹس نے ریپبلکنز کیساتھ گواہان کے تبادلے کا امکان مسترد کر دیا

Last Updated On 23 January,2020 10:54 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے معاملے پر ڈیموکریٹس نے ریپبلکنز کے ساتھ گواہان کے تبادلے کے امکان کو مسترد کر دیا، امریکی صدر نے مواخذے کے حوالے سے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مواخذہ، ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز سینٹ میں آمنے سامنے آ گئے، ڈیموکریٹس نے ریپبلکنز کے ساتھ گواہان کے تبادلے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ ڈیموکریٹس نے ایسے کسی معاہدے سے بھی انکار کیا ہے جس میں سابق نائب صدر جوبائیڈن کے بیٹے کو گواہ کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہو۔

ڈیمو کریٹس نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ صدر ٹرمپ امریکی فوجی امداد کو بھی تحقیقات میں سودے بازی کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔ امریکا کے صدر ٹرمپ ڈیووس میں عالمی اقتصادی کانفرنس میں شرکت کے بعد واشنگٹن پہنچ چکے ہیں، انہوں نے مواخذے کے حوالے سے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔

مواخذے میں طے کیے طریقہ کار کے مطابق تین تین روز کے لیے ہر فریق کو مقدمہ پیش کرنے کے لئے روزانہ چوبیس گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔