بھارتی فورسز کی حراست سے لاپتا ہونیوالے کشمیریوں کی رپورٹ جاری

Last Updated On 30 August,2019 07:36 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) کشمیر میڈیا سروس نے بھارتی فورسز کی حراست سے لاپتا ہونے والے افراد کے حوالے سے رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق مقبوضہ وادی سے آٹھ ہزار افراد بھارتی فورسز کی حراست سے لاپتا ہو گئے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 29 سالوں کے دوران 8 ہزار سے زائد کشمیری بھارتی فورسز کی حراست کے دوران لاپتا ہوئے جبکہ گمشدہ افراد کے خاندان والوں کو اپنے پیاروں کی گمشدگی کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ وادی میں ہزاروں گمنام قبریں دریافت ہوئی ہیں جن کے بارے میں انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والے کارکنوں کو شبہ ہے کہ بھارتی فورسزکی حراست سے لاپتا ہونے والوں کی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کا آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ نامی کالا قانون قابض فورسز کو لوگوں کو ہراساں اور قتل کرنے کا لائسنس فراہم کرتا ہے جس کے تحت بھارتی فورسز کئی افراد کو بغیر کوئی وجہ بتائے حراست میں لے سکتی ہیں۔