مسئلہ کشمیر حل طلب، بھارت راہ فرار اختیار نہیں کرسکتا: وزیر خارجہ

Last Updated On 30 August,2019 11:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل طلب ہے اور بھارت اس سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”اختلافی نوٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کے عالمی لیڈروں سے رابطے ہوئے ہیں۔ عالمی دنیا نے ہماری بات کو اہمیت دی اور وہاں کا میڈیا کشمیر پر بات کر رہا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت عالمی دنیا سے ٹیلی فونک اور خطوط کی شکل فوری رابطہ کرنا مقصود تھا۔ جو دفتر خارجہ کا موقف ہوگا وہ پاکستان کا موقف ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ آسان کب تھا؟ اگر آسان ہوتا تو پچھلی حکومتیں حل ہو چکا ہوتا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو پس پشت پر رکھا ہوا تھا، پچھلے 5 سال کوئی وزیر خارجہ ہی کوئی نہیں تھا۔