مقبوضہ وادی: کرفیو اور لاک ڈاؤن کےباوجود کشمیریوں کا جگہ جگہ احتجاج

Last Updated On 25 August,2019 09:44 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں آج کرفیو اور لاک ڈاؤن کا 21 واں روز ہے، جگہ جگہ بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ کشمیریوں کا کہنا ہے وہ تمام رکاوٹیں توڑ کر آزادی حاصل کر کے ہی رہیں گے۔ حریت قیادت نے مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جسکے بعد جگہ جگہ مظاہرے شروع ہو گئے۔

وادی میں آزادی کے نعروں کی گونج ہے، کشمیریوں میں بھارتی مظالم کے خلاف ڈٹے رہنے کا عزم ہے، دھڑا دھڑ گرفتاریوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط ہیں، بھارت کے خلاف احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

کرفیو اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کشمیری گھروں میں قید ہیں، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ بھارت سب کچھ نارمل ہونے کا پروپیگنڈا کر رہا ہے لیکن مقبوضہ وادی میں سکول کالج، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بند ہے۔

کشمیری عوام کو خوراک اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے جس کے سبب حریت قیادت نے بھارت کے خلاف مظاہرے جاری رکھنے کا علان کیا ہے۔