لاہور: (روزنامہ دنیا) یورپ کا رقبہ ایک کروڑ ایک لاکھ 80 ہزار مربع کلومیٹر ہے۔ آئیے یورپ کے 10 سب سے چھوٹے ممالک کے بارے میں جانیں۔
قبرص
قبرص ترکی کے جنوب میں واقع بحیرہ روم کے علاقے کا ملک ہے۔ اس کا رقبہ 9251 مربع کلومیٹر ہے اور یہاں انسانی آبادی دسویں صدی قبل مسیح سے ہے۔
آذربائیجان
جمہوریہ آذربائیجان مغربی ایشیا اور مشرقی یورپ کے سنگم پر واقع ہے۔ یورپی طرف اس کا علاقہ 6960 مربع کلومیٹر ہے جبکہ پورے ملک کا رقبہ 86,600 مربع کلومیٹر ہے۔ یہاں ترک زبان بولی جاتی ہے۔ اس فہرست میں آذربائیجان اس لیے شامل ہے کیونکہ اس کے یورپی رقبے کو شمار کیا گیا ہے۔
لکسمبرگ
لکسمبرگ مغربی یورپ میں واقع ہے اور اس کی سرحد سمندر سے منسلک نہیں۔ اس کا رقبہ 2,586 مربع کلومیٹر ہے۔ لکسمبرگ سٹی نہ صرف ملک کا دارالحکومت ہے بلکہ یورپی یونین کے تین دارالحکومتوں میں سے ایک ہے۔ دیگر دو برسلز (بلجیئم)، سٹراسبرگ (فرانس) ہیں۔
جارجیا
جارجیا یورپ اور ایشیا کے قفقازی خطے میں واقع ہے۔ یہ مشرقی یورپ اور مغربی ایشیا کے درمیان ہے۔ ملک کا دارالحکومت تبلیسی ہے۔ یورپی جانب جارجیا کا علاقہ 2428 مربع کلومیٹر ہے۔ ایشیائی حصے سمیت ملک کا کل رقبہ 69700 مربع کلومیٹرہے۔ جارجیا اپریل 1991ء میں سوویت یونین سے الگ ہوا۔ ملک کی قومی زبان جارجیائی ہے۔ یہ بھی فہرست میں اپنے یورپی حصے کی وجہ سے شامل کیا گیا ہے۔
اینڈورا
مملکت اینڈورا کی سرحد کسی سمندر سے نہیں ملتی اور یہ جنوب مغربی یورپ کے ایک پہاڑی سلسلے میں واقع ہے۔ اس کا قیام 1278ء میں عمل میں آیا۔ اس کا رقبہ 467.63 مربع کلومیٹر ہے۔ اینڈورا لا ویلا دارالحکومت ہے۔ قومی زبان کیٹالان ہے۔
مالٹا
جمہوریہ مالٹا جنوبی یورپ میں بحیرہ روم کے جزائر کے ایک گروہ پر مشتمل ہے۔ قومی زبان مالٹائی ہے، البتہ سرکاری طور پر انگریزی بھی رائج ہے۔ مالٹا نے 1964ء میں آزادی حاصل کی اور 1974ء میں جمہوریہ بنا۔
لیکٹنسٹین
وسطی یورپ کے اس ملک کے ہمسایہ ممالک کی سرحدیں بھی کسی سمندر سے نہیں ملتیں، اس لیے اسے ’’ڈبل لینڈ لاک‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ یورپ کے بلند ترین پہاڑی سلسلے الپس کی وادی رائن میں واقع ہے۔ اس رقبہ 160مربع کلومیٹر ہے۔ سرکاری زبان جرمن ہے۔ یہاں برف پر ہونے والے کھیل خوب کھیلے جاتے ہیں۔ ملک کا دارالحکومت واڈوز ہے۔
سان مارینو
جمہوریہ سان مارینو انتہائی چھوٹا ہے اور چاروں طرف اطالیہ میں گھرا ہوا ملک ہے۔ ملک کا رقبہ 61.2 مربع کلومیٹر ہے اور یہ زیادہ تر پہاڑی ہے۔ سان مارینو 1968ء تک دنیا کی سب سے چھوٹی جمہوریہ تھا لیکن اس کے بعد یہ اعزاز ناؤرو کو مل گیا۔ یہ دنیا کے امیر ترین ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔
موناکو
مغربی یورپ میں واقع موناکو 2.2 مربع کلومیٹر پر مشتمل خود مختار شہری ریاست ہے۔ یہ دنیا کا دوسرا سب سے چھوٹا ملک ہے۔ 1816ء میں ہونے والے فرانکو مونیگاسک معاہدے کے بعد مانیکا ایک آزاد ریاست قرار پایا۔
ویٹی کن سٹی
ویٹی کن سٹی یورپ کے ساتھ ساتھ دنیا کا سب سے چھوٹا ملک ہے۔ اس کا رقبہ 0.44 مربع کلومیٹر ہے۔ ملک پر پاپائے روم کی حکمرانی ہے۔ اس ملک کا قیام 11 فروری 1929ء کو پاپائے روم اور اطالیہ کے درمیان ایک معاہدے کے نتیجے میں عمل میں آیا۔