حوثی باغیوں کا سعودی ایئرپورٹ پر حملہ، 26 افراد زخمی

Last Updated On 12 June,2019 02:37 pm

ریاض: (دنیا نیوز) حوثی باغیوں نے سعودی ائیرپورٹ پر میزائل حملہ کیا جس میں 3 خواتین اور 2 بچوں سمیت 26 افراد زخمی ہو گئے۔ سعودی اتحاد نے حوثی باغیوں کو ہتھیار فراہم کرنے کا الزام ایران پر عائد کر دیا.

بتایا گیا ہے کہ یمن میں برسرپیکار حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی ابہا ائیرپورٹ پر کروز میزائل داغ دیا، حملے کے نتیجے میں 26 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 3 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سعودی ابہا ائیرپورٹ یمن سے 125 میل دور مملکت کے شمال میں واقع ہے جس کو حوثی باغیوں نے یمن کے جنوب مغربی علاقے سے نشانہ بنایا۔

عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ حملہ آوروں نے ابہا ائیرپورٹ کے مسافر ہال پر میزائل فائر کیا جس میں ہزاروں افراد کی آمدورفت جاری رہتی ہے، ائیرپورٹ پر حملہ ثابت کرتا ہے کہ حوثی باغی ایران سے ہتھیار لے رہے ہیں۔