کولمبو: بم دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد 290 ہو گئی، 500 زخمی

Last Updated On 22 April,2019 08:56 am

کولمبو: (دنیا نیوز) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایئرپورٹ کے قریب ملنے والا دیسی ساختہ پائپ بم ناکارہ بنا دیا گیا، گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں بم دھماکوں میں مرنے والوں کی تعداد 290 ہو گئی اور 500 زخمی ہیں۔ بم دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبہے میں 24 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ملک میں خطرے کی سطح کا جائزہ لینے کے لئے سیکیورٹی کونسل کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا، افواہوں پرقابو پانے کے لیے سوشل میڈیا پر عارضی پابندی لگا دی گئی۔

سری لنکا کے گرجاگھروں اور ہوٹلوں میں بدترین دہشت گردی، ہلاک افراد کی تعداد 290 ہو گئی، پانچ سو سے زائد زخمی ہیں۔ رات گئے کولمبو ائیرپورٹ کے قریب دیسی ساختہ پائپ بم برآمد ہوا جسے ناکارہ بنا دیا گیا۔ سری لنکن فورسز نے گزشتہ روز بم دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبہے میں 24 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ دھماکوں کے بعد ملک بھر میں جو کرفیو نافذ کیا گیا تھا اسے صبح چھ بجے ختم کر دیا گیا۔

ملک میں خطرے کی سطح کا جائزہ لینے کے لئے سیکیورٹی کونسل کا اجلاس آج ہو گا۔ افواہوں کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا تک رسائی بھی عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔ بم دھماکوں میں مرنے والے غیرملکیوں میں بھارت، برطانیہ، چین ، جاپان، ڈنمارک اور ترکی کے شہری بھی شامل ہیں۔ سری لنکا کے وزیرِاعظم رانیل وکرما سنگھے کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں کو ممکنہ حملوں کے بارے میں اطلاع تھی۔

پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے درجنوں افراد جمع ہوئے اور شمعیں جلا کر مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر ایفل ٹاور کی روشنیاں بجھا دی گئیں۔