سینیٹر کو انڈا مارنے والے نوجوان کیلئے عطیاتی مہم، ہزاروں ڈالر جمع

Last Updated On 18 March,2019 04:30 pm

سڈنی: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا کے مسلمان مخالف سینیٹر فریسر ایننگ کو انڈا مارنے والے نوجوان کے قانونی اخراجات پورے کرنے کے لیے اور مزید انڈے خریدنے کی خاطر رقم جمع کرنے کے لیے کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر فنڈنگ مہم کے تحت ہزاروں ڈالر جمع کیے جاچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں 49 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد گزشتہ روز آسٹریلوی سینیٹر فریسر ایننگ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے حملے کی مذمت کرنے کے ساتھ ساری ذمہ داری نیوزی لینڈ میں آنے والے پناہ گزین مسلمانوں پر عائد کی تھی۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے متاثرین سے ہمدردی کرنے کے بجائے مسلمانوں کو دنیا بھر میں دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دیا جبکہ نسل پرست سینیٹر نے اسلام کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اشتعال انگیز مذہب کہا اور فاشزم سے تشبیہہ دی تھی۔ جس پر ایک سفید فام نوجوان نے اپنے موبائل سے ویڈیو بناتے ہوئے سینیٹر کے قریب آیا اور ان کے سر پر انڈا دے مارا۔ گو فنڈ می پر ‘ منی فار ایگ بوائے ’ کے عنوان سے قائم کیے گئے فنڈ کے تحت اب تک 32 ہزار ڈالر جمع کیے جاچکے ہیں، اس فنڈ سے جمع کی گئی رقم نوجوان کے قانونی اخراجات اور مزید انڈوں کی خریداری کے لیے خرچ کی جائے گی۔عطیاتی مہم شروع کرنے والے شخص نے لکھا کہ ‘وہ لوگ جو حیران ہورہے ہیں کہ یہ رقم ایگ بوائے کے پاس کیسے جائے گی،اس سلسلے میں ایگ بوائے سے فیس بک کے ذریعے رابطہ کیا ہے اور آپ کمنٹس میں ان کا جواب دیکھ سکتے ہیں’۔