بیونس آئرس: (دنیا نیوز) چین اور امریکا نے عارضی طور پر تجارتی جنگ بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، دونوں ممالک نوے دن کے اندر نیا تجارتی معاہدہ کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔
عالمی سطح پر بڑی پیش رفت، امریکا اور چین کا ایک دوسرے کی برآمدات پر اضافی محصولات عائد نہ کرنے کا اعلان، دونوں ممالک نوے دن کے اندر نیا تجارتی معاہدہ کرنے پر متفق ہو گئے۔
ارجنٹینا کے شہر بیونس آئرس میں ہونے والے جی 20 سمٹ میں امریکی اور چینی صدر کی ملاقات کے دوران دونوں ممالک عارضی طور پر تجارتی جنگ بند کرنے پر متفق ہو گئے جس میں صدر ٹرمپ نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا جس کے مطابق یکم جنوری سے چینی مصنوعات پر دس سے پچیس فیصد کے اضافی محصولات عائد ہونا تھے۔
دوسری جانب چین نے امریکا سے زرعی، توانائی صنعتی اور دیگر مصنوعات خریدنے کا اعلان کر دیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق اگر 90 دن کے اندر دونوں ممالک کسی معاہدے پر نہیں پہنچتے تو پھر محصول دس فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔