کراچی : (ویب ڈیسک) پولیس اور سکیورٹی اداروں نے چینی قونصل خانے پرحملے میں ملوث دہشتگردوں کے ساتھی 5 مبینہ سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔ 3 سہولت کاروں کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا تاہم 2 مزید کو آج حراست میں لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اور سکیورٹی اداروں نے ایک سہولت کارکو کراچی جبکہ دوسرے کوشہداد پورسے گرفتارکیا گیا، دہشت گردوں نے آخری بار کراچی سے گرفتار شخص سے بات کی تھی۔ کراچی سے حراست میں لیے گئے شخص کو نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آج کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 سہولت کاروں کو گرفتار کیا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل پر حملے میں 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
جاں بحق ہونے والے شہریوں کی شناخت نیازمحمد اور محمد ظاہرشاہ کے ناموں سے ہوئی تھی اور ان کا تعلق کوئٹہ سے تھا جو ویزے کے حصول کے لیے قونصل خانے گئے تھے۔