واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ ان کا ملک روس اور چین پر دباؤ بڑھانے کے لئے جوہری اسلحے میں اضافے سے دستبردار نہیں ہو گا۔
امریکا نے ایٹمی ہتھیاروں میں اضافے کا اعلان کر دیا، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین ہو یا روس، لوگوں کو اس کا پوری طرح ادراک ہونے تک اسلحہ تیار کرتے رہیں گے۔
امریکی صدر نے روس پر الزام لگایا ہے کہ اس نے 1987 میں کیے جانے والے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور امریکا اب اس معاہدے سے نکل جائے گا۔
روس نے امریکی صدر کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکا نے مزید ہتھیار تیار کئے تووہ بھی خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
1987میں امریکا اور روس کے صدور کے درمیان انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔ جس کے تحت زمین سے 500 سے 5500 کلومیٹر تک کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔