نیویارک (نیٹ نیوز ) امریکا کے موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی بھی ان کے حوالے سے عجیب وغریب خیالات رکھتے اور اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے ٹرمپ سے ڈانٹ کھاتے رہتے ہیں۔
اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ نے امریکی نائب وزیر انصاف روڈ روزنسٹین کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پرعدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق روز نسٹین نے تجویز دی ہے کہ ٹرمپ کی وائیٹ ہاؤس میں موجودگی کے دوران ان کی جاسوسی کی جائے تاکہ امریکی انتظامیہ میں ان کے حوالے سے پائی جانے والی بے چینی کو مزید پھیلایا جائے۔ اس طرح صدرڈونلڈ ٹرمپ کی معزولی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
اگرچہ روز نسٹین نے نیویارک ٹائمز کی خبر کو من گھڑت قرار دیا ہے تاہم اخبار لکھتا ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں سے بات چیت میں ٹرمپ انتظامیہ کے بعض ارکان کو دستور کی دفعہ 25 میں ترمیم کے لیے استعمال کرنے کی تجویز دی تھی،کیونکہ ٹرمپ منصب صدارت کی ذمہ داریاں کما حقہ ادا نہیں کرسکے ہیں۔
روز نسٹین کا یہ بیان ٹرمپ کی طرف سے وفاقی تحقیقاتی دفتر کے ڈائریکٹر جیمز کومی کی برطرفی کے بعد سامنے آیا ہے۔ انہیں امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کی وجہ سے عہدے سے ہٹایا گیا۔
’نیویارک ٹائمز‘ کی خبر کے فوری بعد روز نسٹٰین نے اپنے ایک بیان میں اس خبر کو من گھڑت قرار دیا۔ انہوں نے اخبار پر ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف براہ راست جانب داری کا الزام عاید کیا۔