چار اکتوبر سے حرمین ٹرین کے آغاز کا اعلان

Last Updated On 23 September,2018 02:17 pm

ریاض (نیٹ نیوز ) سعودی عرب کے وزیر برائے ٹرانسپورٹ ڈاکٹر نبیل العامودی نے کہا ہے کہ حرمین ٹرین سروس کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز چار اکتوبر2018ء کو کیا جا رہا ہے۔

یہ ٹرین مملکت کے پانچ اہم اسٹیشنوں مکہ معظمہ، جدہ، شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے، شاہ عبداللہ اکنامک سٹی اور مدینہ منورہ سے گذرے گی۔ ادھر سعودی عرب کے جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کےڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رمیح الرمیح نے ایک بیان میں بتایا کہ تکنیکی مشکلات کے باوجود وہ حرمین ریل گاڑی کے غیرمعمولی منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں۔

یہ ٹرین پہاڑی علاقوں، ریتلے میدانوں، ساحلی پٹی اور میدانی علاقوں سے گذرے گی۔ حجاج ومعتمرین کے لیے یہ ایک گراں بہا تحفہ ہے جو انہیں اندورن ملک کم سے کم وقت میں ایک سے دوسرے مقام تک پہنچانے میں مدد فراہم کرے گا۔

مجموعی طور پر حرمین ٹرین کے ٹریک کی لمبائی 450 کلو میٹر ہے۔ دو طرفہ ٹریک پر ایک ہی وقت میں 35 بوگیاں چلائی جائیں گی۔ حرمین ٹرین 300 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرے گی اور یومیہ اوسطا ایک لاکھ 60 ہزار جب کہ سالانہ 6 کروڑ افراد سفر کریں گے۔