افغانستان :طالبان سے جنگ بندی میں یکطرفہ توسیع کا اعلان

Last Updated On 17 June,2018 10:19 am

کابل (دنیا نیوز ) افغانستان میں حکومت نے افغان طالبان کے ساتھ جنگ بندی میں یک طرفہ طور پر توسیع کا اعلان کر دیا، امریکا نے بھی اقدام کی حمایت کر دی، افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا گیا۔


ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے افغان صدر اشرف غنی کا کہنا تھا کہ حکومت طالبان کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا طالبان کی جانب سے تمام مسائل اور مطالبات پر امن مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی افغان حکومت کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع اور مذاکرات کی پیش کش کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

مائیک پومپیو نے کہا افغان فورسز اور طالبان کی عید کی تصاویر دیکھی ہیں، ان کے قائدین بھی اختلافات کا حل ڈھونڈیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا خونریزی بند ہونےکا فائدہ افغانستان کے سبھی لوگوں کو ہوگا۔ مذاکرات کی پیش کش پر انہوں نے کہا کہ امریکا اِن مذاکرات کی حمایت، سہولت کاری اور شرکت پر تیار ہے۔