امریکا کا چین کے خلاف بھی تجارتی جنگ کا اعلان

Last Updated On 16 June,2018 06:57 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) صدر ٹرمپ نے پچاس ارب ڈالر کے چینی برآمدات پر پچیس فیصد محصول عائد کرنے کا حکم دے دیا۔ نئے ٹیکسز کے باعث چینی مصنوعات مہنگی ہو جانے سے امریکی مصنوعات کے لیے راہ ہموار ہو جائے گی۔

یورپ اور کینیڈا کے بعد امریکی صدر نے چین کے خلاف بھی تجارتی جنگ چھیڑ دی۔ پچاس ارب مالیت کی چینی درآمدات پر 25 فیصد محصول عائد کرنے کا حکم دے دیا۔ صدر ٹرمپ نے تنبیہ کی ہے کہ اگر چین نے جوابی اقدامات کیے تو مزید پابندیاں عائد ہو سکتی ہیں۔

دوسری جانب چین نے بھی تجارتی میدان میں امریکا کو بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ نے دوست ممالک سے امریکا کے خلاف مشترکہ ایکشن کی درخواست کی ہے۔ اس سے پہلے امریکی صدر یورپ اور کینیڈا سے سٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر بھی پچیس فیصد محصول عائد کر چکے ہیں۔