بھارت: (دنیا نیوز) بچوں کے ساتھ زیادتی بھارت میں وبا بن گئی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق بھارت میں روزانہ 54 بچوں کو جنسی درندگی کا نشانہ بنایا جانے لگا۔
تاج محل اور گوا کے خوبصورت ساحل نہیں، اب بچوں سے زیادتی بھارت کی پہچان بن گئی۔ برطانوی جریدے کے مطابق بھارت میں ہر گھنٹے میں دو بچوں سے ان کی معصومیت چھننے لگی۔ روزانہ کی بنیاد پر یہ تعداد 54 ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں زیادتی کے مجرموں کو پھانسی دینے کی تجویز تو پیش کی گئی ہے، لیکن ایسے ایک لاکھ سے زائد کیس عدالتوں میں فیصلے کے منتظر ہیں۔ ریاست گجرات میں چائلڈ ریپ کے ایک کیس کا فیصلہ 53 سال بعد سنایا گیا۔
پندرہ سال کی عمر میں زیادتی کا شکار ہوئی خاتون اپنے نواسے نواسیوں کے ساتھ ستر سال کی عمر میں انصاف کے لیے عدالت کے چکر لگاتی رہی۔ رپورٹ کے مطابق 2016 میں بھارت میں 18882 بچوں سے زیادتی کے کیس رجسٹرڈ ہوئے۔ جنوری میں کشمیر کی نو سالہ آصفہ بھی درندگی کی بھینٹ چڑھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بچوں سے زیادتی کے خلاف بھرپور مہم چلائی گئی۔