تہران: (دنیا نیوز) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کو دھوکے باز، جھوٹا اور جابر ملک قرار دے دیا۔ ایران کے سپریم لیڈر کہتے ہیں کہ اسرائیل سے مذاکرات کی کوشش ناقابل معافی غلطی ہو گی۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی کوشش ناقابلِ معافی غلطی ہو گی، انہوں نے کہا دھوکے باز، جھوٹے اور جابر ملک سے مذاکرات کی کوشش فلسطینیوں کی فتح کو پیچھے دھکیل دے گی۔ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کسی ملک کا نام لئے بغیر کہا تمام مسلمانوں کا فرض ہے کہ وہ فلسطینیوں کی تحریک کی حمایت کریں،اور مل کر اسرائیل کو شکست دیں۔
ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کا بیان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ انٹرویو کا جواب سمجھا جا رہا ہے، جس میں شہزادے کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اپنی زمین پر امن سے رہنے کا حق حاصل ہے۔ امریکی جریدے سے بات کرتے ہوئے شہزادہ محمد نے متنازع خطے پر اسرائیلی اور فلسطینی دعوؤں کو برابر قرار دیا تھا۔