طلاق کی خوشی میں خاتون نے شادی کے جوڑے کو آگ لگا دی

Published On 25 April,2023 09:12 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی خاتون نے طلاق ملنے کی خوشی مناتے ہوئے اپنے شادی کے سفید جوڑے کو آگ لگا دی، لال جوڑے میں کروایا گیا نیا فوٹوشوٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

امریکا سے تعلق رکھنے والی طلاق یافتہ خاتون لارین بروک نے 10 سالہ شادی ٹوٹنے کی دلچسپ انداز میں خوشی منائی ہے۔

لارین کی جانب سے شادی کے موقع پر پہنا گیا سفید جوڑا جلاتے ہوئے اور لال جوڑے میں شادی ٹوٹنے کی خوشی مناتے ہوئے خوبصورت فوٹو شوٹ کروایا گیا ہے۔

31 سالہ لارین بروک کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ لوگ طلاق کو برا، تکلیف دہ اور مشکل سمجھتے ہیں لیکن یہ آزادی ہے، اگرچہ وہ اپنے دونوں بچوں کو اپنے شوہر کے ساتھ مل کر پالیں پوسیں گی لیکن علیحدگی کے بعد اُن کی تکلیف کچھ کم ہو جائے گی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لارین بروک کی اکتوبر 2012ء میں شادی ہوئی تھی اور وہ تقریباً 10 سال سے اپنے شوہر کے ساتھ رہ رہی تھیں، ستمبر 2021ء میں اس جوڑی نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا اور رشتہ طلاق پر ختم ہو گیا۔

لارین بروک کی خوشی مناتے ہوئے تصویریں اُن کی والدہ کی جانب سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہیں جس میں لارین کو اپنا شادی کا جوڑا جلاتے ہوئے اور لال جوڑے میں طلاق کی خوشی مناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔