مالکن کی جان بچانے والی بلی نے قومی مقابلہ اپنے نام کر لیا

Published On 22 April,2023 01:59 pm

لندن: (ویب ڈیسک) ذیابیطس کی شکار خاتون نے اعتراف کیا ہے کہ ایک رات وہ خون میں شکر کی شدید کمی سے کومے میں جانے والی تھیں کہ انہیں ان کی پالتو بلی ’وِلو‘ نے گرنے سے بچا لیا اور اس طرح بلی انہیں بچانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔

اسی بنا پروِلو نامی بلی کو قومی مقابلے میں اول انعام دیا گیا ہے جو برطانوی گاؤں، پریکسوٹ میں امینڈا جیمسن کے گھر میں رہتی ہے۔

51 سالہ امینڈا کے مطابق ایک رات وہ اپنے بستر سے اٹھنے کی کوشش کر رہی تھیں کہ خون میں شکر کی خطرناک حد تک کمی کی وجہ سے وہ بے ہوشی کے قریب جاپہنچی تھیں۔

یہ منظر وِلو دیکھ رہی تھی اور اس نے بھاگ کر خاتون کے شوہر رے شیئروُڈ کے پیر پر ہلکے سے کاٹ کر اسے جگانے کی کوشش کی جو گہری نیند میں تھے، وہ بیدار ہوئے تو بلی انہیں اپنی نگرانی میں لے کر خاتون کے پاس لے آئیں۔

خاتون کے شوہر نے دیکھا کہ وہ نیم بے ہوش ہیں اور فوری طور پر ایمبولینس بلائی گئی۔

رے شیئروُڈ نے بتایا کہ وہ ٹی وی دیکھتے ہوئے سوگئے تھے اور چار بجے بلی نے انہیں بیدار کیا تو دیکھا کہ وہ ان کے پاؤں کے پاس اچھل رہی ہے اور انہیں کاٹ رہی ہے۔

وِلو عموماً ایسا نہیں کرتی اور یہی وجہ ہے کہ وہ اس کے ساتھ سیڑھیاں چڑھ کر اپنی بیگم کے کمرے میں گئے، اس دوران بلی بار بار رک کر انہیں دیکھ رہی تھی کہ گویا وہ انہیں بلا رہی ہے، ایک موقع پر خاتون بالکل بے ہوش ہوچکی تھیں۔

امینڈا کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور وہ بالکل ٹھیک ہوگئیں، اس کے بعد گھروالوں نے وِلو کو ہیرو بلی کہنا شروع کر دیا کیونکہ اس نے فوری طور پر اپنی مالکن کی خرابی صحت کو بھانپ لیا تھا اور مالک کو اس کی اطلاع بھی دی تھی۔

ہسپتال سے واپسی کے بعد بلی کو بہت چوکنا دیکھا گیا اور وہ مالکن کے چہرے کے پاس آکر ٹھہرتی تھی کہ سانس کی آمدورفت محسوس کر سکے، اسی بنا پر برطانیہ میں بلی کے سالانہ مقابلے میں ’وِلو‘ کو اول انعام دیا گیا ہے، اس اعزاز کے لئے صارفین سے آن لائن ووٹ طلب کئے گئے تھے۔