مراکش میں انسانی تاریخ کے قدیم ترین زیورات دریافت

Published On 23 November,2021 11:54 am

رباط: (روزنامہ دنیا) مراکش میں انسانی تاریخ کے قدیم ترین زیورات دریافت ہوئے ہیں، ماہرین نے ان کے ڈیڑھ لاکھ سال پرانے ہونے کا اندازہ لگایا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مراکش میں محققین نے ایک لاکھ 42 ہزار سال اور ایک لاکھ 50 ہزار سال کے درمیان قدیم ترین زیورات کی نقاب کشائی کی ، یہ زیورات ملک کے جنوب مغربی علاقے میں واقع ساحلی شہر الصویرہ کے بیزمون غاروں میں دریافت ہوئے۔

مراکشی ماہر آثار قدیمہ عبدالجلیل نے بتایا کہ یہ دریافت سوراخ شدہ اورسیاہی والے 30 سمندری خولوں پر مشتمل ہے، یعنی اس وقت کے انسانوں نے ان خولوں پر آئرن آکسائیڈ سے بھرپور سرخ مادہ لگایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سرخ مٹی کے رنگ سے رنگے ہوئے چھوٹے سوراخوں والی سیپیوں سے بنے کئی ہار اورکنگن ملے ہیں جو چند ہفتے قبل الصویرہ کے قریب غاروں میں پائے گئے، عبدالجلیل کے مطابق یہ سیپیاں ڈیڑھ لاکھ سال پرانی ہیں۔