بہاولنگر: (دنیا نیوز) تین روز قبل محکمہ وائلڈ لائف کی قید سے آزاد ہونے والے بھارتی لنگور نے انتظامیہ کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔ انتظامیہ تین دن لنگور کو قابو کرنے کی کوشش کرتی رہی مگر بے سود آخر کار ریسکیو اور وائلڈ لائف کی مدد سے لنگور قابو کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بہاولنگر تین روز قبل محکمہ وائلڈ لائف کی قید سے آزاد ہونے والے بھارتی لنگور نے انتظامیہ کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔ لنگور مختلف دوکانوں اور گھروں کی چھتوں پر گشت کرتا رہا۔ انتظامیہ روایتی جال ڈنڈوں اور رسیوں سے پکڑنے کی کوشش کرتی رہی مگر لنگور قابو نہ آیا۔
لنگور کی مستیاں لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی رہی انتظامیہ نے ریسکیو اور وائلڈ لائف کی مدد سے تین روز بعد لنگور کو قابو کر لیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے پاس جنگلی جانوروں پکڑنے کے آلات موجود نہیں ہیں۔
محکمہ وائلڈ لائف کے سپروائزر نذر عباس کا کہنا ہے کہ لنگور کو بہاولپور چڑیا گھر منتقل کیا جائے گا۔