امریکی سب وے میں بہت بڑے ‘چوہے’ کا روزانہ سفر

Published On 18 November,2020 11:14 am

نیویارک: (روزنامہ دنیا) سوشل میڈیا پر ایک ایسے بہت بڑے ‘چوہے ’ کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جو روزانہ نیویارک کے سب وے میں دکھائی دیتا ہے ، اور لوگوں کے ساتھ یہ ٹرین میں چڑھ کر سفر کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شروع شروع میں تو لوگ اس کو دیکھ کر اچنبھے کا اظہار کرتے تاہم آہستہ آہستہ وہ اس سے مانوس ہو گئے، اور ہوں تو بھی کیوں نا، یہ کوئی اصل چوہا تھوڑی ہے بلکہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ضروری فیس ماسک کی جگہ چوہے کے سر جیسا بڑا ماسک چڑھا کر کام پر جاتا ہے ، نہ صرف یہ بلکہ وہ چوہے جیسا یونی فارم بھی پہنتا ہے جس میں ایک عدد لمبی دم بھی ہوتی ہے ۔ کسی نے اس کی ویڈیو بھی بنا لی، جو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہو گئی۔

کورونا وبا جب سے پھیلی ہے تو لوگ ماسک پہننے کے ساتھ ساتھ دلچسپ کام بھی کرنے لگے، ہر کسی کو سماجی فاصلے کابار بار کہہ کر لڑائی تو مول نہیں لی جا سکتی اس کا حل انہوں نے ایسے ماسک پہننے میں نکالا کہ لوگ ان سے خود بخود دوری اختیار کریں۔ کوئی خلانورد کا لباس پہنے گھر سے نکلنے لگا تو کسی نے اپنے ارد گرد باکس بنا لیا جس سے لوگ خودبخود اس سے دور ہونے لگے۔

اب چوہے جیسا بھیس بھی تو اسی لئے ہے نا کہ لوگوں کی اکثریت چوہے سے دور بھاگتی ہے اور خواتین تو چوہے سے ڈرتی بھی ہیں تو سماجی فاصلے کیلئے چوہا بننا اور وہ بھی ایک تھیٹر پر کام کرنے والے فنکارکیلئے محفوظ اور دلچسپ دونوں ہے۔