نوجوان کے کان سے لال بیگ کا پورا خاندان برآمد

Last Updated On 08 November,2019 06:28 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین سے ایسی خبر آئی ہے جسے پڑھ کر ہر کوئی حیران رہ گیا ہے، ڈاکٹرز نے نوجوان کا کامیاب علاج کر کے کان میں رہنے والے لال بیگ کا پورا خاندان برآمد کر لیا۔

امریکی خبر رساں ادارے ’’فاکس نیوز‘‘ کے مطابق چین سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ لو نامی نوجوان کو گزشتہ دنوں کان میں خارش اور مسلسل درد کا احساس ہوا جس پر اس نے اہلخانہ کو روشنی ڈال کر دیکھنے کو کہا۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ جب اس کے بھائی نے ٹارچ کی روشنی سے اندر دیکھا کو بھیانک صورتحال تھی کیونکہ اسے زندہ لال بیگ نظر آیا جو مسلسل حرکت کررہا تھا۔

لو کا کہنا تھا کہ صورتحال میرے لیے زیادہ بھیانک تھی البتہ ڈاکٹرز سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے چند ٹیسٹ کرائے جس کے بعد مزید پیچیدگی سامنے آئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نوجوان کے کان میں لال بیگ نہیں بلکہ چھوٹے بڑے دس لال بیگ رہ رہے تھے جو اندر چہل قدمی بھی کررہے تھے، ڈاکٹرز نے نوجوان کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے فوری آپریشن کی ہدایت کی۔

ڈاکٹر زونگ یاجن کے مطابق مریض کے کان میں مادہ سمیت دو بڑے لال بیگ جبکہ 8 بچے موجود تھے، جنہیں چمٹی کی مدد سے باہر نکالا گیا۔

ڈاکٹرز نے چھوٹے سے آپریشن کے بعد نوجوان کو گھر جانے کی اجازت دے دی۔ اہل خانہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ نوجوان بچا ہوا کھانا اپنے بستر پر چھوڑ دیتا تھا شاید اسی وجہ سے لال بیگ اُس کے کان میں داخل ہوئے۔