سخت محنت کا صلہ، کمپنی مالک کا ملازمین کے پاؤں دھو کر خراج تحسین

Last Updated On 05 November,2019 09:55 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں لوگوں کی بڑی تعداد روز گار کے لیے نوکری کرتی ہے، متعدد ایسے ہیں جو اوور ٹائم لگا کر زندگی کا پہیہ چلاتے ہیں، اس دوران بہت بڑی تعداد شکوے کرتی نظر آتی ہے کہ ضرورت سے زیادہ محنت کے باوجود ہمیں دفاتر میں سہولتیں نہیں دی جاتیں لیکن ایک حیران کن خبر جو چین سے آئی ہے نے سب کو ششدر کر دیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق چین میں ایک کمپنی کے مالک نے اپنے سٹاف کی طرف سے سخت محنت کے بعد انہیں عزت کے طور پر نوازنے کے لیے اپنے سٹاف کے پاؤں دھوئے۔ جیسے ہی تصاویر سامنے آئی تو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور ہر کوئی انہیں داد دینے لگا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق تصاویر اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کمپنی کا صدر جھک کر اپنے سٹاف کے پاؤں کو دھو رہا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق کمپنی کے صدر نے اپنے ساتھ سینئر ایگزیکٹو کے ہمراہ اپنے سٹاف کے پاؤں دھوئے۔ یہ ویڈیو ایک منٹ چالیس سکینڈ کی ہے جسے ہر کوئی دیکھتے ہوئے سراہ رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جن سٹاف کے پاؤں کو دھویا جا رہا ہے انہوں نے کمپنی کے لیے رواں سال بہترین پرفارمنس دکھائی ہے اور کمپنی کی پروڈکٹ بیچنے کیلئے کسٹمرز کو متوجہ کرایا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ ایونٹ دو نومبر کو ہوا تھا، یہ ایوارڈ تقریب مشرقی چین کے شہر جینان میں ہوئی تھی، جو شینڈونگ صوبے کا مشہور علاقہ ہے۔

میڈیا کے مطابق اس فرمز کے بارے میں زیادہ آگاہی نہیں مل سکی تاہم اتنا پتہ چلا ہے کہ یہ کمپنی کاسمیٹکس پروڈکٹس بیچتی ہے۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آٹھ کے قریب سٹاف کرسیوں پر بیٹھے ہوئے ہیں جبکہ کمپنی کے دو سینئر حکام نیچے جھک کر ان کے پاؤں کو دھو رہے ہیں اس کے بعد ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ سب آپس میں گلے مل رہے ہیں۔

اس تقریب میں حصہ لینے والی ایک خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ جو ٹویٹر طرز کی ہے جس کا نام ویبو ہے پر لکھا کہ یہ بہترین طریقہ ہے کہ میں آپ کا شکریہ ادا کروں، میں اس عمل کی بہت حمایت کرتی ہوں۔

ایک اور خاتون نے لکھا کہ یہ عام سی چیز ہے، آپ لوگوں نے میرے لیے بہت ساری رقم کمائی ہے، آپ لوگوں کے پاؤں دھونا ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

جہاں اس ویڈیو کی دھوم مچی ہوئی ہے اور ہر کوئی سراہ رہا ہے تو دوسری طرف کچھ ناقدین بھی اس عمل پر تنقید کرتے ہوئے نظر آئے ہیں، کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ عمل گرا ہوا ہے اور یہ بہت شاطرانہ طرز عمل ہے جس کا مقصد دوسرے ملازمین کو بونس دینے سے محروم کرنا ہے۔