خاتون کے ہاں 41 سال بعد بچی کی پیدائش

Last Updated On 29 October,2019 06:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک)چین میں ایک حیران کن طور پر 67 سالہ خاتون نے بچی کو جنم دیا ہے، اپنے ملک میں بچی کو جنم دینے والی یہ سب سے معمر خاتون ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’میل آن لائن‘‘ کے مطابق چین کے شہر زاؤ ہوانگ میں 67 سالہ خاتون جس کا نام تیان ہے کہ ہاں آپریشن کے ذریعے بچی پیدائش ہوئی ہے جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ماں اور بچی دونوں خیریت سے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نومولود بچی کا نام ’تیانسی‘ رکھا گیا ہے جس کا مطلب ’جنت کا تحفہ‘ ہے، تیان کے ہاں یہ تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، اس سے قبل انکے ہاں 1977 میں ننھے مہمان کی آمد ہوئی تھی۔

خاتون کے شوہر 68 سالہ ہوانگ کا کہنا تھا کہ بچی کی پیدائش پر بہت خوش ہیں، ہم اس کی اچھی پرورش کریں گے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا ویب سائٹ ویبو پر صارفین کی جانب سے والدین کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ایک صارف کا کہنا تھا کہ بڑھاپے میں والدین بچے کی دیکھ بھال کرنے کی اہلیت نہیں رکھتے ہیں اور اس کا دباؤ بڑے بہن بھائیوں پر پڑے گا۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ تیان اور ہوانگ کو دو بچوں کے موجود ہونے کے باوجود تیسرے بچے کی پیدائش پر سزا دی جائے گی۔

خیال رہے کہ چین میں 2016 میں ایک بچے کی پالیسی میں نرمی کی گئی تھی جس کے بعد ایک خاندان کو دو بچوں کی پیدائش کی اجازت دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ رواں سال ستمبر میں بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں 74 سالہ خاتون نے اے وی ایف کے ذریعے 2 بچوں کو جنم دیا تھا۔