کتوں کو پانڈے جیسا رنگ، عوام کی تنقید

Last Updated On 25 October,2019 11:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں نشاط ثانیہ کا خواب دیکھنے والا ملک چین یوں تو متعدد ایسے کام کر چکا ہے جو دنیا کے لیے قابل مثال ہیں، وہاں پر کچھ ایسی خبریں بھی پڑھنے کو ملتی ہیں جو دلچسپ ہونے کے ساتھ ساتھ کافی حیران کن ہوتی ہے، گزشتہ چند ماہ کے دوران شیشوں کی تعمیر والا پل ہو یا سمندر کے اوپر دنیا کا سب سے بڑا پل ہو یہ چین کی محنت کے عکاس ہیں۔

یوں تو دنیا بھر میں جانوروں سے لوگ پیار کرتے ہیں اور ان سے زیادہ انسیت رکھتے ہیں، ایسا بعض اوقات ہوتا ہے اس محبت کے باعث لوگ جانوروں کا اصل احلیہ ہی بدل دیتے ہیں۔ چین سے ایسی خبر آئی ہے، پالتو جانوروں کے کیفے میں کتوں کو پانڈے جیسے سفید اور کالے رنگ میں رنگنے پر جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے گرما گرم بحث چھیڑ دی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’دی گارڈین‘‘ کے مطابق چین کے جنوب مغربی صوبے سچوان کے شہر چنگ ڈو میں کیوٹ پیٹ گیمز نامی کیفے کھلا جس نے ویڈیو میں چھ موٹی فر والے چو چو نسل کے کتوں کو دکھایا جو پہلی نظر میں پانڈے لگتے ہیں، لیکن حقیقت میں وہ کتے ہیں جن کو پانڈے جیسا رنگ دیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کیفے کے مالک ہوانگ نے کہا ہے کہ انہوں نے کتوں کو پانڈے جیسا رنگ اس لیے کرنا شروع کیا کیونکہ گاہکوں نے اسے پسند کیا تھا۔ کتوں کو رنگ کرنے کے لیے تربیت یافتہ عملہ ہے اور ایک کتے کو رنگنے پر 211 ڈالرز خرچ آتا ہے۔

چین میں ٹوئٹر طرز کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر ہیش ٹیگ کتے کو 1500 یوان میں رنگ کروائیں والی ویڈیو وائرل ہو چکی ہے جسے 170 ملین لوگوں نے دیکھا ہے اور پالتو جانوروں کے شوقین افراد نے غصے بھرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رنگ سے کتوں کی فر اور جلد خراب ہو سکتی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایک صارف نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ میرا مشورہ ہے کہ کیفے کے مالک پر سفید اور کالا رنگ پھیر دیا جائے۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ پالتو جانور کتے اور بلیاں اپنے انسان ساتھیوں کو ہر حال میں پسند کرتے ہیں چاہے ہم جیسے بھی نظر آتے ہوں تو پھر ہم بھی ان کے ساتھ ایسا ہی برتاؤ کیوں نہیں کرتے؟

کیفے کے مالک ہوانگ نے ویڈیو میں کہا ہے کہ انہوں نے کتوں کو رنگنے والی مشین جاپان سے منگوائی ہے اور اس سے کتوں کو کوئی نقصان نہیں ہو گا۔ تاہم جانوروں کے ڈاکٹر لی دائی بنگ کا کہنا ہے کہ کتوں کو رنگنے سے ان کی ’جلد اور فر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔