ماسکو: (ویب ڈیسک) روس میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں لڑکی کے پیٹ سے انسانی بالوں سے بننے والے 20 انچ بڑے اور تقریباً دو کلو وزنی بالوں کے گچھے کو آپریشن کر کے نکال دیا گیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ انوکھا واقعہ روس میں پیش آیا جہاں 19 سال کی لڑکی کو پیٹ میں تکلیف ہوئی اور طبیعت زیادہ بگڑنے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔ اس دوران ڈاکٹروں کو بتایا گیا کہ نوجوان لڑکی کو ہر کھانے کے بعد فوری طور پر الٹی آ جاتی ہے جس کے بعد وہ کافی کمزور محسوس کرتی ہے۔
ہسپتال منتقلی کے بعد ڈاکٹرز نے لڑکی کے کئی ٹیسٹ کیے جس کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ اسکے پیٹ میں شاید پتھری یا کوئی ایسی ٹھوس چیز موجود ہے جس کی وجہ سے لڑکی کو کھانا ہضم نہیں ہوتا۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ مریضہ کی رپورٹس کے مطابق ٹھوس چیز نے لڑکی کے پیٹ میں تقریباً تمام جگہ کو گھیرا ہوا تھا اور اس کے پیٹ میں شدید تکلیف تھی جبکہ اسکی آنتوں میں انفیکشن پایا گیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سرجن کی ٹیم نے ٹیسٹ کے بعد جب لڑکی کا آپریشن کیا تو دیکھ کر حیران ہو گئے کہ اسکے پیٹ میں ٹھوس چیز 2 کلو وزنی بالوں سے بنا ہوا ایک گیند نما گچھا تھا جو 20 انچ چوڑا تھا۔
لڑکی کا آپریشن کرنے والی ٹیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بچپن میں بچوں کی عادت ہوتی ہے جس میں اپنے بالوں کو منہ میں لینے اور چبانے کے عادی ہوتے ہیں، یہ عادت زیادہ تر نوجوان لڑکیوں میں پائی جاتی ہے جو کہ اکثر بالوں کو منہ میں لیتے ہوئے یا چباتے ہوئے نِگل بھی لیتی ہیں۔
لڑکی کی والدہ کے مطابق آپریشن کے بعد ان کی بیٹی اب مکمل طور پر صحت یاب ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے لوگ جو اپنے ہی بالوں کو نگل لیتے ہیں وہ ایک نفسیاتی بیماری کا شکار ہوتے ہیں جسے ’ٹریکو فیگیا‘ کہا جاتا ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اس عادت کا آغاز ایسے ہوتا ہے جب لوگوں کو اپنے بالوں کو کھینچنے کی غیر متوقع خواہش ہوتی ہے جسے ’ٹرائکوٹیلومانیہ‘ یا بال کھینچنے کی بیماری بھی کہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب یہ عادت بڑھ جاتی ہے تو پھر اُن لوگوں میں اپنے بالوں کو نگلنے کی خواہش بھی ہونا شروع ہوجاتی ہے۔