جرمن صحافی کا سالوں تک من گھڑت خبریں دینے کا انکشاف

Last Updated On 21 December,2018 10:58 pm

برلن: (ویب ڈیسک) جرمن صحافی کلاس ریلوٹئیس نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے میگزین ڈیر سپائجل کے آن لائن ایڈیشن میں کئی من گھڑت اور فرضی خبریں شائع کروایں۔

ایوارڈ یافتہ جرمن صحافی کلاس ریلوٹئیس کے حوالے سے چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے کئی خبریں فرضی کرداروں کی دیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ صحافی نے میگزین ڈیر سپائجل سے استعفیٰ دیدیا، انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے گزشتہ 60 میں سے 14 آرٹیکل خودساختہ بنائے۔

یاد رہے کہ مذکورہ صحافی کو 2014ء میں سی این این جرنلسٹ آف دی ائیر کے اعزاز سے نوازا، جبکہ حال ہی میں ایک شامی لڑکے کی رپورٹ پر انہیں جرمن رپورٹر آف سی ائیر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

جعلی خبریں دینے والے صحافی کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب ان کے ایک ساتھی نے  میکسیکن مہاجرین کے حوالے سے ان کی خبر کی تصدیق کیلئے متعلقہ افراد سے رابطہ کیا۔ جرمن صحافی نے گوانتاناموبے جیل میں یمنی قیدی کے حوالے سے بھی جعلی خبر دی۔

کلاس ریلوٹئیس نے اپنے اس عمل پر اظہار شرمندگی کرتے ہوئے ادارے اور قارئین سےمعافی مانگی ہے۔ ڈیر سپائجل میگزین اپنی تحقیقاتی خبروں اور رپورٹس کی وجہ سے مشہور ہے۔