تھائی لینڈ میں ’بیوہ بھوت‘ کے ڈر سے مرد نیل پالش لگانے لگے

Last Updated On 07 October,2018 01:30 pm

بنکاک(نیٹ نیوز) تھائی لینڈ کے ایک دور اُفتادہ گاؤں میں پراسرار اموات کے سلسلے کے بعد مردوں نے ڈر کے مارے اپنے ناخنوں پر رنگ و روغن کرنا شروع کردیا ہے۔

اس طرح وہ ’بھوت بیوہ‘ کو احساس دلانا چاہتے ہیں کہ وہ مرد نہیں بلکہ خاتون ہیں۔ تھائی لینڈ کے ضلع کالاسِن کے ایک گاؤں پیو ہونگ میں گزشتہ تین ہفتوں میں پانچ افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔ مقامی توہم پرست افراد کے مطابق ان سب کو بھوتوں نے قتل کیا ہے ۔ پہلے دو افراد اچانک گرے اور مرگئے ۔

اس کے بعد ایک نوعمر لڑکی موٹر سائیکل حادثے میں انتقال کرگئی جبکہ دو افراد کی تفصیلات نہیں دی گئیں۔ گاؤں میں 60 سالہ مذہبی رہنما بوساڈے میلاسے نے بتایا کہ گاؤں میں ایک بھوت کسی بیوہ کا ہے جو مردوں کو ماررہی ہے۔

بعض گھروں کے دروازوں پر لکھا گیا ہے کہ ’یہاں کوئی مرد نہیں رہتا‘۔ حال یہ ہے کہ بعض افراد گاؤں کے مندر میں رہ رہے ہیں اور کچھ افراد سورج غروب ہونے کے بعد اپنے گھروں سے نہیں نکل رہے ۔