بجلی کا بل ادا نہ کرنے والے خاندان نے الزام بلی پر ڈال دیا

Last Updated On 05 October,2018 01:58 pm

لاہور (نیٹ نیوز ) آپ نے بچوں کے بارے میں سنا ہوگا کہ وہ سکول میں ہوم ورک نہ کرنے کے بہانے کے طور پر کہتے ہیں ''ہوم ورک کیا تھا لیکن وہ کتا کھا گیا''۔ کچھ اسی طرح کا بہانہ ایک روسی خاندان نے بھی بجلی کے بل کی ادائیگی سے بچنے کے لیے کیا لیکن ان کے اس بہانے کا انہیں فائدہ نہیں ہوا۔

روس کے شہر بارناول میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ایک خاندان کو 80 ہزار روبل یا 1218 ڈالر کا بل ادا نہ کرنے پر عدالت لے گئی۔

اپنے دفاع میں اس خاندان نے سارا ملبہ اپنی بلی پر ڈال دیا۔ اس خاندان کا کہنا ہے تھا کہ انہوں نے تو اصل میں بجلی استعمال ہی نہیں کی، یہ ان کی شرارتی بلی تھی، جس نے میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی، جس کی وجہ سے اتنا زیادہ بل آیا ہے۔

اس خاندان نے عدالت کو بتایا کہ ان کی بلی دیوار پر سے چھت پر جاتی ہے۔ اکثر اسے بجلی کے میٹر پر سے ہو کر چھت پر جاتے دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے میٹر کو دوسری دیوار پر بھی لگایا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا، بلی میٹر پر سے ہی چڑھ کر چھت پر جاتی ہے۔ ایک بار بلی نے میٹر کو توڑ دیا جس سے اتنا زیادہ بل آیا۔

خوش قسمتی سے بجلی کمپنی کے وکیل نے جج کے سامنے بلی کی معصومیت کو ثابت کر دیا۔ انہوں نے ایک تجربہ کار الیکٹریشن کو عدالت میں بلایا جس نے بیان دیا کہ بجلی کے میٹر کی سیل یا مہر اتنی مضبوط ہوتی ہے کہ اسے بلی کے لیے توڑنا ناممکن ہے اسے خصوصی وائر کٹر سے ہی کاٹا جا سکتا ہے۔

الیکٹریشن کے دلائل سے مطمئن ہونے کے بعد عدالت نے اس خاندان کو 80 ہزار روبل بل اور 2500 روبل عدالت فیس جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔