پسینے کی جگہ خون بہانے والی ویت نامی لڑکی

Last Updated On 31 August,2018 12:56 pm

لاہور(نیٹ نیوز) ویت نام کے ایک ہسپتال میں لائی جانیوالی ایک لڑکی نے ڈاکٹروں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے کیونکہ وہ پسینے کے بجائے جلد سے خون بہاتی ہے ۔اس وقت ویت نام کے ایک ہسپتال میں زیرِ علاج 11 سالہ لڑکی ایک نایاب مرض میں مبتلا ہے جسے ’’ہیماٹائیڈروسِس‘‘ کہا جاتا ہے۔

اس مرض میں مسام سے لہو خارج ہوتا ہے ۔ ڈاکٹروں نے اس لڑکی کا نام اب تک خفیہ رکھا ہوا ہے ۔تین چار ماہ قبل یہ لڑکی امتحانات کی تیاری کی وجہ سے شدید تناؤ کا شکار تھی اور اس کے بعد دھیرے دھیرے اس کی جلد سے خون بہنا شروع ہوا اور اب وہ روزانہ تین سے چار مرتبہ پسینے کی جگہ خون بہاتی ہے۔

اس دوران اس کے سر میں شدید درد ہوتا ہے ،اس پر کی گئی تمام تدابیر ناکام رہی ہیں اور یہ مرض انتہائی کمیاب ہے کہ بعض ڈاکٹر بھی اس پر یقین نہیں رکھتے ۔ یہی وجہ ہے کہ اس پر کوئی خاص تحقیق نہیں کی گئی اور اب بھی یہ مرض لاعلاج ہی ہے۔