افریقی ملک اور فرانس کے درمیان گدھوں پر تنازع

Last Updated On 29 May,2018 08:33 pm

برونڈی: (ویب ڈیسک) گدھے جاہل اور کند ذہن کی علامت ہیں، برونڈی اور فرانس کے درمیان ایک نیا تنازع، وزیر زراعت نے گدھوں کو ملک سے نکالنے کا حکم جاری کردیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق افریقی ملک جمہوریہ برونڈی اور فرانسیسی سفارت خانے میں ایک پروگرام کے تحت لائے گئے 10 گدھوں پر ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیاہے۔ برونڈی کے وزیر زراعت ڈیو روریما نے علاقائی حکام سے کہا ہے کہ وہ فرانسیسی سفارت خانے کی طرف سے لائے گئے گدھوں کو وہاں سے نکال باہر کریں۔

برونڈی حکومت کی بعض شخصیات نے فرانسیسی سفارت خانے کی طرف سے گدھوں کی برآمد کو قوم کی توہین قرار دیاہے، ان کا کہنا تھا کہ فرانس میں اس طرح کے گدھوں کو جاہل اور کند ذہن کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ گدھے لائے جانے پر پیدا ہونے والے تنازع کے بعد فرانسیسی سفیر کا کہنا تھا کہ میرے علم کے مطابق گدھے لانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ فرانسیسی سفارت خانے کی طرف سے یہ گدھے خواتین کو ایک غیر سرکاری پروگرام کے تحت دیے گئے تھے، تاکہ خواتین اور بچے ان سے اجناس،پانی اور ایندھن ڈھونے میں مدد لے سکیں۔