بھارت میں نابینا اور بیمار ہاتھیوں کے استعمال کا انکشاف

Last Updated On 27 April,2018 10:31 am

نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارت کے تاریخی قلعوں میں سیاحوں کی سواری کیلئے استعمال ہونیوالے 19 ہاتھیوں کے نابینا اور شدید بیمار ہونیکا انکشاف سامنے آیا ہے ۔

 فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق جانوروں کی دیکھ بھال کرنیوالے ادارے نے حکومت کو رپورٹ ارسال کی جس میں بتایا گیا کہ راجستھان میں موجود معروف قلعے امیر میں سیاحت کیلئے استعمال ہونیوالے ہاتھی شدید علیل ہیں۔رپورٹ کے مطابق سرکاری سطح پر ان مقامات کیلئے رجسٹرڈ ہونیوالے ہاتھیوں میں سے 102 کو نفسیاتی امراض لاحق ہوگئے جن کی وجہ سے اُن کو چلنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔

حکومت کو دی جانیوالی رپورٹ میں کہا گیا کہ جے پور کے پہاڑی علاقے میں واقع قلعے میں ہرسال لاکھوں سیاح آتے ہیں جو مرکزی دروازے سے ان پر سوار ہوکر پورے محل میں سیر کرتے ہیں، یہاں استعمال ہونیوالے ہاتھیوں میں سے 19 کی بینائی بالکل ختم ہوگئی۔

جانوروں کی دیکھ بھال کرنیوالے ادارے (پیٹا) کے اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ جب ہماری ٹیم نے مختلف سیاحتی مقامات پر موجود ہاتھیوں کی صحت کا مشاہدہ کیا تو یہ بہت حیران کن تھا کہ وہاں پر موجود ہاتھی آنکھوں اور ٹی بی جیسی موذی بیماری میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کی صحت روز بروز گرتی جارہی ہے۔