اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے باعث لین دین میں شفافیت آ رہی ہے، ڈیجیٹل ادائیگی کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔
لیڈرز۔ان۔ اسلام آباد بزنس سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت ایک ابھرتی ہوئی فیلڈ ہے، مصنوعی ذہانت نے انسانی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر نمایاں اثرات مرتب کئے، ہمیں مصنوعی ذہانت کے علم سے بہتر انداز میں روشناس ہونا ہے، ڈیجیٹائزیشن کے باعث عوامی قیادت کا مفہوم بھی تبدیل ہو کر رہ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کو ڈیجیٹل اکانومی کی جانب لے کر جا رہے ہیں، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، اداروں میں بہتر تعاون کیلئے مصنوعی ذہانت سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ معیشت کیلئے خوش آئند ہے، آئی ٹی مصنوعات معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوں گی۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے باعث لین دین میں شفافیت آ رہی ہے، ڈیجیٹل ادائیگی کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں، دنیا اس وقت ٹیکنالوجی کی جانب جا رہی ہے، ہمیں ڈیجیٹل دنیا کی طرف بہتر انداز میں جانا ہے، ہمیں دنیا کی رفتار کے مطابق چلنا ہوگا۔