ملک میں انٹرنیٹ مکمل فنکشنل، موبائلز ایپس پوری طرح چل رہی ہیں: شزا فاطمہ

Published On 17 January,2025 03:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی جی) شزا فاطمہ نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ مکمل طور پر فنکشنل ہے اور واٹس ایپ سمیت تمام موبائلز ایپس پوری طرح چل رہی ہیں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران پیپلزپارٹی کی رکن شازیہ مری نے سوال کیا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کا مسئلہ کب تک حل ہوگا؟

اس پر وزیر مملکت آئی ٹی شزا فاطمہ نے جواب دیا کہ ملک میں اس وقت انٹرنیٹ مکمل طور پر فنکشنل ہے اور واٹس ایپ سمیت تمام موبائلز ایپس پوری طرح چل رہے ہیں، سب میرین کیبل کی اپ گریڈیشن پر کام ہو رہا ہے، کیبل کنیکٹیویٹی سے سینٹرل ایشیا اور چین کو سارا انٹرنیٹ ڈیٹا پاکستان سے ہو کر جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آئی پی رجسٹریشن کیلئے پی ٹی اے نے باضابطہ آغاز کر دیا ہے، وی پی این اور آئی پی کی رجسٹریشن بغیر کسی معاوضے کے کی جا رہی ہے، اب تک کمپنیوں اور فری لانسر کے 31 ہزار سے زائد وی پی اینز رجسٹر ہو چکے ہیں۔

وزیر مملکت آئی ٹی نے مزید کہا کہ ملک میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہیں، رواں سال اب تک آئی ٹی گروتھ میں 28 فیصد اضافہ ہوا اور اس سیکٹر میں 1.8 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی ہیں۔