لاہور:(ویب ڈیسک ) لاہور ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا ایپ ایکس کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے نئی رپورٹ طلب کر لی۔
لاہور ہائی کورٹ میں ایکس کی بندش کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ 26 ویں آئینی ترمیم آ چکی ہے، اب درخواست گزار درخواست سے باہر کوئی بات کر سکتا ہے نہ ہی سوال اٹھا سکتا ہے، اب جس نے بھی بات کرنی ہے وہ آرٹیکل 199 اور 199 اے کو سامنے رکھ کر بات کرے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا سوشل میڈیا ایپس پر کوئی پابندی ہے، وفاقی حکومت کے وکیل نے جواب دیا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے ایکس پر پابندی کا نوٹیفکیشن موجود ہے۔
عدالت عالیہ نے وفاقی حکومت سے ایکس کی بندش پر نئی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔