لاہور: (ویب ڈیسک) ماہرین نے مصنوعی ذہانت بروئے کار لاتے ہوئے ایسی الیکٹرانک زبان تیار کی ہے جو کھانے کی اشیاء کے خراب ہونے سے پہلے اس کے بارے میں آگاہ کردیتی ہے۔
یہ الیکٹرانک زبان ذائقوں میں تمیز کا شعور رکھتی ہے اور یہ بھی بتاسکتی ہے کہ کھانے پینے کی کوئی چیز خراب ہو جانے کی منزل سے کتنی دور یا نزدیک ہے۔
معروف جرنل نیچر میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین کی تیار کردہ الیکٹرانک زبان کے تجزیے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مصنوعی ذہانت فیصلہ سازی میں کہاں تک معاون ثابت ہوتی ہے۔
الیکٹرانک زبان تیار کرنے کیلئے ماہرین نے آین کے حوالے سے حساس فیلڈ ایفیکٹ ٹرانزسٹر تیار کیا۔
یہ ڈیوائس کیمیکل ری ایکشن کو سمجھنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس میں لگا ہوا سینسر کسی بھی مائع چیز میں پائے جانے والے آینز کے بارے میں معلومات جمع کرتا ہے اور معلومات کو الیکٹریکل سگنل میں تبدیل کر کے کمپیوٹر کے ذریعے سمجھاتا ہے۔