لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بحالی کیلئے دائر متفرق درخواست پر سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا ایپ ایکس ( ٹویٹر ) کی بحالی کے لیے دائر متفرق درخواست پر سماعت ہوئی ، جسٹس عاصم حفیظ نے ایڈوکیٹ حذیفہ نعیم کی درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت جسٹس عاصم حفیظ نے استفسار کیا کہ آپ کی استدعا کیا ہے ؟ جس پر درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی اے نے شہریوں کی ایکس تک رسائی نا ممکن بنا دی ہے، جس پر جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ پچھلے دنوں ایک وزیر صاحب نے بہت اچھا حل بتایا ہے کہ آپ وی پی این استعمال کریں ۔
جس کے جواب میں درخواست گزار نے کہا کہ اگر پولیس کہے کے فلاں رستے سے مت جائیں وہاں ڈاکو کھڑے ہیں، تو یہ کوئی حل نہیں ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹویٹر کی بندش کو غیر قانونی قرار دیا جائے، عدالت فریقین کو حکم دے کہ ٹویٹر تک عوام کی رسائی کو یقینی بنایا جائے۔
عدالت نے درخواست پر سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔