نیویارک:(ویب ڈیسک) ٹیسلا کے بانی اور حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے والے ایلون مسک نے کہا ہے کہ ٹوئٹر ڈیل اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک 'بوٹ اکاؤنٹ' کا تنازع حل نہیں ہو جاتا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے ٹوئٹر کے سی ای او کے ساتھ تنازع کے بارے کہا کہ سوشل میڈیا کمپنی کا حصول اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا جب تک کہ وہ سپیم اکاؤنٹس کے پھیلاؤ کے بارے میں مزید معلومات نہ دیکھ لیں۔
مسک نے ایک ٹوئٹ میں دعویٰ کیا کہ ٹوئٹر پر 20 فیصد جعلی (سپیم) اکاؤنٹس ہے جبکہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے ساتھ ٹوئٹر کی فائلنگ گمراہ کن تھی، کمپنی نے کہا ہے کہ اس کے یومیہ فعال صارفین میں سے 5 فیصد سے بھی کم سپیم اکاؤنٹس ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ میری پیشکش ٹوئٹر کی ایس ای سی فائلنگ کے درست ہونے پر مبنی تھی، جبکہ ٹوئٹر کے سی ای او نے عوامی طور پر 5 فیصد کا ثبوت دکھانے سے انکار کر دیا، یہ معاہدہ اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا جب تک وہ ایسا نہیں کرتے۔
خیال رہے کہ مسک کی تازہ ترین ٹوئٹ نے 44 بلین ڈالر کے معاہدے پر مزید شکوک پیدا کر دیئے ہیں۔