لاہور: (دنیانیوز) میبنہ کرپشن الزامات کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب نے شاہد زمان کو او ایس ڈی بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری سپورٹس نے مشیر کھیل کو تمام محکمانہ امور سے دور کردیا تھا، پالیسی امور اور کھیلوں کے حوالے سے مشیر کھیل سے کوئی مشورہ نہیں کیا جاتا تھا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ سیکرٹری سپورٹس خود کو مشیر کھیل کا باس قرار دیتے تھے، 5 ماہ سے محکمہ سپورٹس کی تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل تھیں جبکہ مشیر کھیل پنجاب کی جانب سے اعلان کردہ کھلاڑیوں کی انعامی رقم بھی 6 ماہ سے التوا کا شکار تھی۔
ذرائع کے مطابق شاہد زمان نے اہم عہدوں پر مرضی سے آوٹ آف میرٹ تعیناتیاں کیں ، جو افسر سیکرٹری سپورٹس سے اختلاف کرتا اسکے خلاف انتقامی کاروائی ہو جاتی ۔
مشیر وزیراعلی پنجاب وہاب ریاض نے سیکرٹری سپورٹس پر لگائے الزامات کی تصدیق کردی ، وہاب ریاض کا کہناتھا کہ بچوں اور سپورٹس کے چالیس کروڑ روپے ہاکی سٹیڈیم میں لگا دئیے گئے ، ہاکی سٹڈیم میں پیسے بلاوجہ لگائے گئے حالانکہ یہاں بین الاقوامی کھیل نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں روپے میں قذافی سٹیڈیم کے درختوں کو بھی پینٹ کر دیا گیا ، شاہد زمان نے چھ ماہ سے سپورٹس کا کوئی ایونٹ بھی نہیں ہونے دیا ، شاہد زمان پر کرپشن کے الزامات کی تحقیق شروع کر دی ہے، سرکار کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوا تو سیکرٹری سپورٹس کو او ایس ڈی بنایا گیا ہے ۔